لاہور ایکسپو فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ

کورونا کی دوسری لہر ميں شدت آنے پر پنجاب حکومت نے لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کر ديا جب کہ ايکسپو فيلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کا فيصلہ کر لیا۔
پنجاب حکومت کی طرف سے جاری نوٹی فکيشن کے مطابق ايکسپو سينٹر کے ہال نمبر 2 کو کورونا مريضوں کےلیے دوبارہ فعال کيا جا رہا ہے۔ فيلڈ اسپتال ميں 300 بستروں پر ہائی ڈيپنڈينسی يونٹس تيار کيے گئے ہيں۔ آکسيجن کی کمی کا سامنا کرنے والے مريض فيلڈ اسپتال ميں داخل ہوں گے۔ لاہور کے 4 بڑے اسپتالوں کو بھی ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس اور آئی سی یو مکمل فعال رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
کورونا مریضوں کےلیے ایکسپو فیلڈ اسپتال کا افتتاح یکم اپریل 2020 کو کیا گیا تھا جو کہ جولائی کے وسط میں خالی ہوگیا تھا۔ تاہم کرونا کیسز میں اضافے کے باعث دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
