ماڈل ایان علی نے عمران خان کو کیوں چارج شیٹ کیا؟


کئی برس پہلے ڈالرز کی منی لانڈرنگ کے الزام میں عدالت سے بری ہونے والی ماڈل ایان علی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو چارج شیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں پر الزام تراشی کرنے والے کپتان کے اب اپنے گھبرانے کے دن شروع ہونے والے ہیں ۔ ایان نے ایک عوامی جلسے میں خود پر بے سروپا الزام لگانے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ آپ کی ساری زندگی کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے لیکن جھوٹ ایک دن اپنی موت آپ مر جاتا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان کو جہاں کئی اداکاروں اور نامور شخصیات کی سپورٹ حاصل ہے وہیں شوبز انڈسٹری کے کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو ان کے مخالف نظر آتے ہیں، ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں پی ٹی آئی کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے جن کی ویڈیو کلپس اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک ویڈیو جس میں عمران خان پاکستانی ماڈل ایان علی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ خود پر ہونے والی تنقید پر ماڈل ایان علی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کی ایک حالیہ تقریر کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں گھبرانہ نہیں کا مشووہ دے ڈالا۔ انہوں نے کہا میں نے 20 سال کی عمر میں جھوٹے مقدمات لڑے اور جیت چکی، امید ہے آپ بھی گھبرائیں گے نہیں، دیکھتے ہیں آپ کتنے دن برداشت کرتے ہیں۔

ایان علی نے اپنے ٹوئٹ میں‌ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جھوٹ سات سال بولا جائے یا 700 سال، ایک دن اپنی موت مر جاتا ہے، آپ نے ایک بیس سالہ لڑکی پر بہتان باندھ کر رقیق سیاست کی، میں نے آپ کو توجہ یا جواب کے قابل نہیں‌ سمجھا مگر آپ اپنی حرکتیں بدلنے کو تیار نہیں، تو آپ کو جواب دوں گی تاکہ کسی اور عورت پر بہتان باندھنے سے پہلے 100 مرتبہ سوچیں۔

ایان علی کا کہنا تھا کہ دو عادات شاید آپ مرتے دم تک نہیں چھوڑ سکتے، پہلی میرے نام پر ٹی آر پی کمانا اور دوسری جھوٹ بولنا کیونکہ سچ بولنا آپ نے سیکھا ہی نہیں، آپ 4 سال وزیراعظم رہے لیکن پھر بھی مجھ پر جھوٹا الزام لگائے بغیر آپ کی تقریر اور خبر نہیں بنتی۔

واضح رہے کہ ایان علی پر 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی سمگل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی ڈالا گیا۔ ایان علی کی جانب سے ٹویٹر پر شیئر کی جانیوالی ویڈیوز میں عمران خان نے ان پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں کسٹم افسر کو ایان علی نے مروا دیا،جس پر ماڈل گرل ایان علی کا کہناتھا جھوٹ کے کوئی پائوں نہیں ہوتے جیسے آپ کے اس جھوٹ کے کہ میرے کیس کےتفتیشی افسر کا قتل ہوا، میرے کیس میں تفتیشی ایک انسپکٹر تھے،جو پہلے دن سے آج تک زندہ اور ہٹے کٹے ہیں اور اپنے ڈیپارٹمنٹ سے انعام لے رہے ہیں، مجھ پر جھوٹا کیس ڈالنے کے ہر کورٹ ڈاکیومنٹ پر ان کا نام ہے۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں ایان علی دو سال تک عدالت میں پیش ہوتی رہیں۔ ان کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد وہ بیرون ملک روانہ ہو گئی تھیں۔

Back to top button