اداکارہ یمنیٰ زیدی جلد عرب فلم میں جلوے دکھانے کو تیار

پری زاد ، صنف آہن اور ” تیری راہ میں رل گئے” جیسے ہٹ پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی جلد ہی ایک عربی سپر ہیرو فلم ’’کریسٹر اینڈ نائٹ اسٹالین‘‘ میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
یمنیٰ زیدی نے 2005 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا مگر وہ تاحال کسی بھی پاکستانی فلم میں دکھائی نہیں دیں اور اب وہ عربی سپر ہیرو پر بنائی جانے والی انگریزی زبان کی امریکی فلم سے کیریئر کا آغاز کریں گی۔
جی ہاں، یمنیٰ زیدی جلد ہی پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز اجمل ظہیر احمد کی سپر ہیرو کامیڈی فلم ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ میں دکھائی دیں گی، جس کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی اور فلم ساز اجمل ظہیر سمیت دیگر کاسٹ نے فلم کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جبکہ ہدایت کار نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ عرب سپر ہیروز پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔
ساتھ ہی یمنیٰ زیدی نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عرب اداکار عبداللہ جاسم کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا اور فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے یمنیٰ زیدی کو بھی اپنی پوسٹ میں مینشن کیا۔
انگریزی زبان کی فلم کے ٹیزر سے اس کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں عرب روایات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا جائے گا، فلم کی کہانی دیار غیر میں رہنے والے عرب افراد اور ان کی روایات کے گرد گھومتی ہے اور اس میں دکھایا گیا کہ عرب لوگ اور خصوصی طور پر عرب مائیں دنیا میں کہیں بھی بس جائیں، وہ اپنی روایات کو نہیں بھولتے۔
ٹیزر میں یمنیٰ زیدی کے کردار کی انتہائی مختصر جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، جس وجہ سے ان کے کردار سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا، ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا ہے کہ ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ کو جلد ریلیز کردیا جائے گا، ساتھ ہی مداحوں سے سوال کیا گیا کہ وہ فلم کو کس اسٹریمنگ ویب سائٹ پر دیکھنا پسند کریں گے؟
خیال کیا جا رہا ہے کہ ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ کو نیٹ فلیکس، ایمازون، سونی یا پیراماؤنٹ جیسی کسی ویب اسٹریمنگ سروس پر ریلیز کیا جائے گا، فلم کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ یمنیٰ زیدی پاکستانی فلموں میں بھی دکھائی دیں گی۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے آج تک کسی بھی فیچر فلم میں کام نہیں کیا، البتہ وہ چند ٹیلی فلموں میں دکھائی دی ہیں اور انہیں بطور ٹی وی اداکارہ شہرت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ خوشی ایک روگ، تیری راہ میں رل گئے، میری دلاری، الو برائے فروخت نہیں، دل محلے کی حویلی، رشتے کچھ ادھورے سے، سناٹا، کس سے کہوں، موسم، پکار، پیار کے صدقے، صنف آہن جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
