محسن نقوی نے بھارت کی ایک اور ٹرافی ضبط کر لی

ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ایک اور ٹرافی ضبط کر لی ہے۔ بھارتی مینز ٹیم کی طرح ایشیا کپ جیتنے والی بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے بھی سپورٹس مین سپرٹ کے منافی رویہ اپناتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا تو ٹرافی ضبط کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق ویمنز ایشیا کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے مکمل طور پر طے تھا اور ٹرافی بھارتی ٹیم کو پیش کرنے کے لیے دستیاب بھی تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے خود ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کے اس طرز عمل کے بعد محسن نقوی نے اپنے پرانے اصولی موقف کے تحت ٹرافی ضبط کرنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم کا یہ طرز عمل ایک سال کے دوران دوسری مرتبہ سامنے آیا ہے، جب کسی بڑے کرکٹ ایونٹ میں فاتح بھارتی ٹیم نے ٹرافی دینے والے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا۔

اے سی سی ذرائع کے مطابق ٹرافی کی تقریب کے حوالے سے تمام انتظامات اور پروٹوکول طے شدہ تھے اور فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی پیش کرنے کے لیے محسن نقوی موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال بھارتی ٹیم کی ٹرافی بھی اب تک دستیاب ہے اور صرف اس کی وصولی کا انتظار ہے، جبکہ موجودہ ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی بھی بھارتی ٹیم کو دینے کے لیے تیار تھی۔

اے سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے اس فیصلے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کرکٹ کو کھیل ہی کے طور پر آگے بڑھانے کی پالیسی برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے تھے اور آج بھی اپنے اسی مؤقف پر قائم ہیں، جس کے تحت کرکٹ کے معاملات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے کھیل اور اس کی روایات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

بھارتی ویمنز ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے نے ایک مرتبہ پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں سیاسی اختلافات کو کس حد تک جگہ دی جانی چاہیے۔

کرکٹ کے حلقوں میں بھارتی ٹیم کے اس رویے کو سپورٹس مین سپرٹ کے حوالے سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ عام طور پر کسی بھی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں فاتح ٹیم ٹرافی وصول کرتی ہے اور مخالف فریق کے عہدیداروں یا منتظمین کے ساتھ کھیل کی روایات کے مطابق رسمی انداز اپنایا جاتا ہے۔

ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی کامیابی کے بعد ٹرافی کی تقریب کو اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگئی کہ ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں کھیل سے ہٹ کر سیاسی اختلافات کے اثرات نمایاں نظر آئے۔

یوں ایشیا کپ کی فاتح بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی جیتنے کے باوجود اسے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے وصول نہ کرنے کا فیصلہ کرکے ایک پرانا تنازع زندہ کردیا ہے، اے سی سی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اگر فاتح ٹیم نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو محسن نقوی سے ہی وصول کرے گی۔

Back to top button