اینٹی کرپشن راولپنڈی کا کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
رشوت لینے کے الزام میں پولیس سب انسپکٹر گرفتار، مقدمہ درج کرلیا گیا

راولپنڈی: پولیس چوکی بحریہ فیز 7 کے سب انسپکٹر نوید اسلم کو رشوت ستانی میں ملوث ہونے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
سب انسپکٹر نوید اسلم پر مدعی مقدمہ سے مختلف اوقات میں برآمدگی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے رقم بٹورنے کا الزام ہے۔
سرکل آفیسر اینٹی کرپشن راولپنڈی منصور مظہر نے ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ عمران قریشی کی نگرانی میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران سب انسپکٹر نوید اسلم کو مدعی مقدمہ سے لیے گئے 15 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ سمیت گرفتار کیا گیا۔
ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی تھانہ صدر واہ اور چوکی دولتالہ کے دو سب انسپکٹرز شوکت اور اشرف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا، جو ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کی زیرِ تفتیش ہیں۔
