لیوی ختم کرانی ہے، 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے: امیر جماعت اسلامی
حکومت نے مطالبات پر ٹال مٹول کی تو مذاکرات ختم کردیں گے، شرح سود میں 3 فیصد کمی سے 1700 ارب روپے بچائے جاسکتے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے ہر صورت پیٹرولیم لیوی ختم کرانی ہے اور 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کو عوام نے بھتا ٹیکس قرار دیا ہے، حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بہت مناسب تجاویز دی ہیں، اگر شرح سود میں 3 فیصد کمی کردی جائے تو 1700 ارب روپے بچائے جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اس بات کا جواب دیں کہ شرح سود کم کیوں نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ہم نے لیوی ختم کرانی ہے، 36 شہروں میں دھرنے ہو رہے ہیں، جبکہ 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے۔ اگر حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیا تو ہم مذاکرات ختم کردیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے سامنے آجائیں تو ساری قوم تھوتھو کرنا شروع کردے۔ جو مرضی حالات ہوں، بجلی کے بلوں میں کیپسٹی کی رقم لگ کر آرہی ہے۔ اس فراڈ میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سب شامل ہیں۔ یہ پارٹیاں ایسا نہیں کرسکتیں کیونکہ ان میں مافیا کے لوگ شامل ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں بلایا تو ضرور جائیں گے۔ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں، جبکہ اپوزیشن کے ساتھ ہمارے رابطے ہیں۔
