آئی ایم ایف کا پاکستان کے تمام اہداف پر اظہار اطمینان

آئی ایم ایف مشن کی اگلی قسط کے اقتصادی جائزے پر مذاکرات کیلئے رواں ماہ پاکستان آمد کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی

اسلام آباد: آئی ایم ایف مشن کی اگلی قسط کے اقتصادی جائزے پر مذاکرات کے لیے رواں ماہ پاکستان آمد کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مشن کی ملک آمد کی تاحال کوئی تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے ممکن ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ورچوئل ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے فی الحال پاکستان کے تمام اہداف پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے اطمینان کی بڑی وجہ پاکستان کی جانب سے بانڈز جاری کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کا بڑھتا ہوا گردشی قرضہ حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہو سکتا ہے، جبکہ مذاکرات کے دوران گردشی قرضے کے معاملے پر پاکستان کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے سرکاری اخراجات میں کمی کی شرط عائد کر رکھی ہے۔ وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جون 2026 تک حاصل کیے گئے اہداف پر مذاکرات ہوں گے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے آئی ایم ایف نئے اہداف اور شرائط بھی بتائے گا۔

Back to top button