بائیک، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان
بائیک اور رکشا کو 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو 30 لیٹر پیٹرول پر ریلیف ملے گا، اسکیم کی رجسٹریشن آج سے شروع ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کے باعث عوام پر بڑھتے ہوئے بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے ایک بار پھر خصوصی ریلیف اسکیم کا اجرا کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہیوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا۔ اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں اس اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کردیا جائے گا، جبکہ پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اس خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجرا آج سے کردیا گیا ہے، جبکہ اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر صوبوں کے شکر گزار ہیں۔
