محمود اچکزئی کا صدارتی انتخاب ملتوی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی نے صدارتی الیکشن ملتوی کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط تحریر کر دیا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔محمود خان اچکزئی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی متعدد مخصوص نشستیں ابھی خالی ہیں، الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک الیکشن ملتوی کیا جائے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کرانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)  ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا خواہش ہے کہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی الیکشن میں ووٹ دوں لیکن پارٹی کا فیصلہ واجب ہے کہ ووٹ نہیں ڈالنا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے صدارتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف علی زرداری کو ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Back to top button