اداکارہ آمنہ الیاس ایک بار پھر تنقید کی زدمیں کیوں؟

ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کو حال ہی میں شیئر کی گئی مختصر ویڈیو پر تنقید کا سامنا ہے، جس میں وہ ایک مرد کے سر پر ’فروٹ‘ رکھ کر اسے پاؤں سے نشانہ بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
آمنہ الیاس نے 28 اگست کو انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتباہی کیپشن بھی لکھا کہ ویڈیو بناتے ہوئے کسی کی دل آزاری نہیں کی گئی۔
ساتھ ہی اداکارہ نے مداحوں کو خبردار بھی کیا کہ وہ ان کی طرح گھر پر اس طرح کی پریکٹس کرنے سے گریز کریں۔
مختصر ویڈیو میں آمنہ الیاس کو پاؤں سے مرد کے سر پر رکھے گئے ’فروٹ‘ کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ کا پاؤں ’فروٹ‘ کے بجائے مرد کے سر اور چہرے پر لگتا ہے اور اتنے میں ویڈیو کا اختتام ہوجاتا ہے۔

انسٹاگرام پر مذکورہ ویڈیو کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور اس پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے ہیں۔
آمنہ الیاس کی ویڈیو پر کمنٹس کرنے والے افراد میں شوبز شخصیات بھی شامل ہیں، جنہوں نے اداکارہ کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنے کے بجائے اداکارہ کے عمل پر خوشی کا اظہار کیا۔
تاہم بعض شخصیات نے ویڈیو کو خوفناک بھی قرار دیا اور کہا کہ ویڈیو سے تشدد کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
https://www.instagram.com/p/CTFHQLiIR1_/?utm_source=ig_web_copy_link
آمنہ الیاس کی ویڈیو پر درجنوں افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سمیت ان کی طرفداری کرنے والی شوبز شخصیات پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔
اداکارہ کی اس ویڈیو پر مسکرانے والی شوبز شخصیات میں اداکارہ منال خان، ایمن خان اور سید صائم علی شامل تھے، جن پر لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا۔
شوبز شخصیات پر تنقید کرنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ جس مرد کے سر پر ’فروٹ‘ رکھ کر اداکارہ پاؤں سے نشانہ لگا رہی ہیں، اسی شخص کی جگہ ان اداکاروں کو ہونا چاہیے تھا۔
آمنہ الیاس کی مذکورہ ویڈیو کے اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کرکے نہ صرف اداکارہ پر تنقید کی گئی بلکہ لوگوں نے مسئلے کو بڑھاتے ہوئے ’فیمنزم‘ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
لوگوں کی تنقید کے باوجود تاحال آمنہ الیاس نے کوئی رد عمل نہیں دیا جب کہ انہوں نے ویڈیو کے کمنٹس بھی بند نہیں کیے۔

