مسلح افواج سکیورٹی چیلنجز سےنمٹنے کیلئےمکمل تیار ہیں،فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو درپیش بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش اور سرحد پار سے پھیلی دہشتگردی کو پوری ریاستی قوت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر کو ملکی امن اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو قوم کے تعاون سے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ اسٹرٹیجک چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہے۔
انہوں نے این ڈی یو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور ذیلی روایتی خطرات کا اعتماد اور دوراندیشی کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے تیار کر رہا ہے۔
فیڈ مارشل سید عاصم منیر نے بتایا کہ مسلح افواج جنگ کی جدید نوعیت کے مطابق اپنی آپریشنل اور ترقیاتی حکمت عملی کو ازسرِنو ترتیب دے رہی ہیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر سامنا کیا جا سکے۔
انہوں نے دشمن کے نیٹ ورکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت ملکی سالمیت کے خلاف سرگرم ریاستی معاونت یافتہ عناصر کی کوششوں سے پوری طرح باخبر ہے۔
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ’جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں‘۔
انہوں نے پاکستان کی جنگ آزمودہ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
اس سے قبل، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر صدر این ڈی یو نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا پرجوش استقبال کیا۔
