مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے فلمی دنیا سے بریک کیوں لے لی؟

بھارتی فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے رواں برس اپنی فلموں کے فلاپ ہونے کے بعد فلمی دنیا سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے، ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان نے ایک تقریب کے دوران یہ اعلان کیا کہ وہ اب فلموں سے ایک یا ڈیڑھ سال کا وقفہ لینا چاہتے ہیں، عامر خان نے اپنی فیملی اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنے کے باعث فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ جب میں بطور اداکار فلمیں کرتا ہوں تو اتنا ذیادہ مصروف ہو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں بچتا، میں لال سنگھ چڈھا نامی فلم کے بعد چیمپیئنز نامی ایک فلم بنانے کے بارے میں سوچ رہا تھا جس کی کہانی بہت خوبصورت اور دل کو بھانے والے تھی، لیکن مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مجھے وقفہ لینا چاہئے تاکہ میں اپنی فیملی، اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہ سکوں۔
بالی ووڈ سٹار نے کہا کہ میں یہ کام 35 برس سے کر رہا ہوں اور میں نے پوری توجہ سے یہ کام کیا ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے پیاروں کو وقت نہیں دے رہا، اب میرے خیال سے مجھے کچھ وقت کی بریک لینی چاہئے۔ میں اب زندگی مختلف طریقے سے جینا چاہتا ہوں، میں مزید ایک یا ڈیڑھ سال بطور اداکار کام نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ عامر خان کا شمار ہندی فلم انڈسٹری کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی فلمیں بناتے وقت کہانی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہیں اور ایک وقت پر صرف ایک ہی فلم کرتے ہیں، عامر خان عموما دو سال میں ایک فلم ریلیز کرتے ہیں جس کے بعد وہ لمبی چھٹی پر چلے جاتے ہیں اور اگلا پراجیکٹ کافی سوچ بچار کے بعد شروع کرتے ہیں۔ عامر خان کی آخری دو فلمیں باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی ہیں، رواں سال عامر خان کی آخری آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تھی جو کمزور کہانی اور بائیکاٹ مہم کے باعث فلاپ رہی۔ اس سے پہلے 2018 میں عامر خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ بھی بُری طرح فلاپ ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ فلم لال سنگھ چڈھا کو بنانے میں عامر خان کی 180 کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی لیکن اب تک اس کا کولیکشن صرف پچاس کروڑ ہی رہی ہے۔ اگر یہی رجحان رہا تو آنے والے دنوں میں یہ اسی کروڑ سے زیادہ کمائی کرنے گی۔ ایسے میں اگر فلم ڈسٹری بیوٹر کا حصہ نکال دیں تو فلمساز کو مشکل سے چالیس کروڑ روپے ملیں گے، فلم کی کمائی کو سامنے رکھا جائے تو اس کو فلاپ ہی تصور کیا جائے گا۔
