متھن چکروتی اپنی بائیو پک بنوانے سے انکاری کیوں ہیں؟

بھارتی فلم انڈسٹری کے ایکشن ہیرو متھن چکروتی نے اپنی بائیو پک بنوانے سے انکار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میری زندگی جن دکھوں اور مصائب سے گزری ہے اس پر بائیو پک بن ہی نہیں سکتی، انہعں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھتے ہی مجھے اپنی سانولی رنگت کی وجہ سے تضحیک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ مشہور ٹی وی ریئلٹی شو ’سا رے گا ما پا‘ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کرنے والے سینئر اداکار متھن چکرورتی کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ اُن کی دکھ بھری زندگی پر کوئی بائیوپک بنائی جائے کیونکہ انہوں نے بے حد مشکل زندگی گزاری ہے۔ متھن دا کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ کوئی بھی اس کرب اور درد سے گزرے جس سے میں زندگی میں گزرا ہوں، مشکل دنوں میں جدوجہد سب لوگ کرتے ہیں لیکن مجھے انڈسٹری میں سانولی رنگت کی وجہ سے کئی سالوں تک بے عزت کیا گیا، اداکار کا کہنا تھا کہ میں نے ایسے دن بھی دیکھے ہیں جب مجھے خالی پیٹ سڑک پر سونا پڑتا تھا اور میں ساری رات روتا تھا، درحقیقت وہ ایسے دن تھے جب مجھے یہ سوچنا پڑتا تھا کہ میرا اگلا کھانا کیا ہوگا، اور میں کہاں سوؤں گا۔
متھن چکرورتی نے انکشاف کیا کہ وہ کافی عرصہ فٹ پاتھ پر بھی سوتے رہے، اسی لیے میں نہیں چاہتا کہ میری بائیوپک کبھی بنے، میری کہانی کبھی کسی کو متاثر نہیں کرے گی، میری کہانی لوگوں کے خواب توڑ دے گی اور انکی حوصلہ شکنی کرے گی، متھن چکرورتی کا کہنا تھا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں خود کو ثابت کرنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے، میں لیجنڈ اس لئے نہیں ہوں کہ میں نے ہٹ فلمیں دی ہیں بلکہ میں لیجنڈ اس وجہ سے ہوں کہ میں نے اپنی زندگی کے تمام دکھ درد جدوجہد سے پیچھے چھوڑ دیئے۔
خیال رہے کہ متھن نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز 1976 میں کیا تھو۔ انہوں نے 80 اور 90 کی دہائیوں میں ڈسکو ڈانسر، واردات، باکسر، اور اگنی پتھ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کی جبکہ آخری مرتبہ انہیں رواں سال ریلیز ہونے والی فلم کشمیر فائلز میں اہم کردار نبھاتے دیکھا گیا۔
