ملائکہ اروڑا کے حاملہ ہونے کی خبر پر بوائے فرینڈ کیوں پریشان؟

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ڈانسنگ کوئین ملائیکا اروڑا سے تعلق رکھنا اداکار ارجن کپور کے لیے ایک آزمائش بن گیا ہے، وہ ملائیکہ کے متعلق بھارتی میڈیا میں پھیلنے والی افواہوں سے اکتا گئے ہیں، حاشیہ دنوں وہ ملائیکہ کے حاملہ ہونے کی افواہوں پر خود پر قابو نہ رکھ سکے اور میڈیا پر برہمی کا اظہار کر دیا۔ یاد رہے کہ سری دیوی کے سوتیلے بیٹے ارجن طویل عرصے سے شادی کیے بغیر ہی اداکارہ ملائیکا اروڑا سے تعلقات استوار کیے ہوئے ہیں، اور دونوں اچھا وقت گزار رہے ہیں لیکن حالیہ افواہوں نے دونوں کو اضطراب کا شکار کیا ہے۔ یاد رہے کہ ملائکہ اروڑا ماضی میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی اہلیہ رہی ہیں لیکن اب دونوں میں طلاق ہو چکی ہے۔
ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا کے درمیان تعلقات کو لے کر سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، لیکن اس بار بھارتی میڈیا ان کے ریڈار پر آگیا۔ ارجن کپور نے انسٹاگرام پر بھارتی آن لائن نیوز آؤٹ لیٹ ’پنک ولا‘ کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے نہ صرف اس پر تنقید کی بلکہ میڈیا کو انکی ’نجی زندگی‘ سے کھیلنے پر خبردار بھی کیا۔ بالی وڈ اسٹار نے انسٹاگرام پر ’پنک ولا‘ اور صحافی نکیتا دلوی سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’یہ وہ نچلی ترین سطح ہے جس پر آپ جا سکتے تھے۔
ارجن کپور نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ یہ صحافی مسلسل ایسی خبریں شائع کرتی رہتی ہیں اور انکو کوئی پرواہ نہیں ہوتی کیونکہ ہم نے اب تک اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی مگر یہ ایسی جھوٹی خبریں پوری میڈیا میں پھیلا دیتے ہیں جو سچ بن جاتی ہیں۔ تاہم اب ایسے نہیں چلے گا، انہوں نے دھمکی دی کہ ہماری نجی زندگیوں سے کھیلنے بند کریں۔ بھارتی میڈیا کے خیال میں ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے، جھوٹی خبر چلانے والے رپورٹر کو ذرائع نے بتایا کہ ملائیکا اروڑا اور ارجن کپور نے رواں سال لندن کا سفر کیا اور وہاں اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو بچے کی پیدائش سے متعلق آگاہ کیا، ادھر ملائیکا اروڑا نے بھی جھوٹی خبر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے افواہ قرار دیا اور ناگواری کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ 2018 میں دونوں کو ساتھ دیکھے جانے کے بعد ان دونوں میں محبت اور بعد ازاں ان کی جانب سے شادی کا پروگرام بنانے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔یہ پہلی بار نہیں کہ اس جوڑے کے درمیان تعلقات کو لے کر کوئی خبر شائع ہوئی ہے مگر اس سے قبل بھی افواہیں اور خبریں گردش کرتی رہی ہیں جہاں یہ دعوے بھی کیے جاتے ہیں کہ دونوں اسٹار نے شادی کرلی ہے۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا نے ملائیکا اروڑا کی ایک تصویر کو لے کر ان کی منگنی کی خبر نشر کردی تھی جس پر سوشل میڈیا سے لے کر متعدد آن لائن نیوز آؤٹ لیٹس پر دونوں کی نجی زندگی پر کافی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا نے پہلی بار 2019 میں سرعام اپنے تعلقات کی تصدیق کی تھی جبکہ اس سے قبل دونوں کے درمیان ’خفیہ‘ تعلقات تھے۔ خیال رہے کہ ملائیکا اروڑا نے ارجن کپور سے تعلقات سے قبل سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کر رکھی تھی۔ارباز اور ملائیکا نے 1998 میں شادی کی تھی، تاہم دونوں 2016 میں الگ ہوگئے اور دونوں کے درمیان 2017 میں باقاعدہ طلاق ہوگئی۔
