واٹس ایپ نے دو دھماکے دار نئے فیچر متعارف کروا دیئے

پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپ واٹس ایپ نے نئے فیچرز متعارف کروانے شروع کر دیئے ہیں، دو نئے فیچرز کا تعلق گروپ چیٹ سے بتایا جا رہا ہے، پہلا فیچر گروپ چیٹ میں میسج کرنے والے شخص کی تصویر نمایاں ہونے کا ہے جبکہ دوسرا فیچر گروپ میں کسی پیغام یا فائل کو ڈھونڈنے کے حوالے سے ہے۔

واٹس ایپ گروپ چیٹس میں پہلے جب میسج کیا جاتا تھا تو کسی بھی فرد کی پروفائل فوٹو نظر نہیں آتی تھی جس سے اکثر علم نہیں ہوتا تھا کہ کس نے یہ میسج کیا ہے مگر اب واٹس ایپ نے اس حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

اب جب بھی کسی گروپ میں لوگوں کی جانب سے میسج بھیجا جائے گا تو ان کی پروفائل فوٹو دیگر اراکین کو نظر آئے گی، یہ فیچر موبائل اور ویب ورژن دونوں میں متعارف کرا دیا گیا ہے اور بیشتر افراد کو دستیاب ہے۔ اگر کسی فرد نے اپنی پروفائل فوٹو کو مخصوص افراد تک محدود کیا ہوا ہوگا تو وہ میسج کے ساتھ ظاہر نہیں ہوگی بلکہ ایک ڈیفالٹ فوٹو نظر آئے گی، اگر آپ چاہتے ہیں کہ واٹس ایپ گروپس میں آپ کی پروفائل فوٹو شو نہ ہو تو سیٹنگز میں جا کر پرائیویسی اور پھر پروفائل فوٹو کے آپشن میں اپنی مرضی کی سیٹنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔اس نئے فیچر پر کچھ عرصے سے کام ہورہا تھا اور اب جاکر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے دوسرا متعارف کرایا گیا فیچر آئی او ایس صارفین کے لیے ہے جس کے تحت اب پرانے پیغامات ڈھونڈنے میں بالکل پریشانی نہیں ہوگی۔ واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب آئی او ایس کے صارفین کو چیٹ میں تاریخ کا ایک آپشن دکھائی دے گا جسے استعمال کرتے ہوئے وہ پرانا پیغام ڈھونڈ سکیں گے۔

اس حوالے سے واٹس ایپ بیٹا انفو نے ایک سکرین شاٹ بھی جاری کیا ہے جسے دیکھتے ہوئے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ فیچر کیسے استعمال کرسکیں گے، چیٹ میں ‘کیلینڈر’ کا آئیکن دیکھا جا سکتا ہے جس پر کلک کرکے آپ تاریخ کا انتخاب کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس فیچر پر دو برسوں سے کام جاری تھا لیکن بیچ میں یہ تاخیر کا شکار ہوگیا تاہم اب اسے پیش کر دیا گیا ہے، واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر سب کے لیے نہیں بلکہ کچھ خوش قسمت افراد کے لیے پیش کیا گیا ہے البتہ آنے والے کچھ روز میں یہ تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

Back to top button