ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاک فضائیہ نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا: ایئر وائس مارشل حسن فیصل

کراچی: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

آج سے 61 سال قبل پاک فوج اور پاکستانی قوم نے رات کی تاریکی میں حملہ آور ہونے والے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی یہ روایت گزشتہ سال مئی میں بھی دہرائی گئی۔

جنگِ ستمبر 1965ء کی یاد میں یومِ دفاع و شہدا آج منایا جا رہا ہے، جس کے سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جبکہ ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور ہر مشکل وقت میں پاک فضائیہ نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ملکی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید ترین نظام کے ذریعے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ تمام شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر اپنی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

Back to top button