ملک میں آج یوم یکجہتی فلسطین منایا جارہا ہے

ملک بھر میں آج سرکاری طور پر یوم فلسطین منایا جارہا ہے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
فلسطین سے اظہار یک جہتی کے لیے لبرٹی چوک لاہور میں پنجاب حکومت اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں خواتین، بچے بوڑھے اور مختلف اداروں کے ملازمین نے شرکت کی۔ فردوس عاشق اعوان بھی اس ریلی میں شریک ہوئیں۔ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلوے ملازمین نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ڈیزل شیڈ رننگ سے مین روڈ تک احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کا پتلا نذرآتش کیا۔ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں چھوٹے بڑے مظاہرے ہوئے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ سمیت ملک بھر میں لبیک القدس احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں فلسطین عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ارکان پارلیمان شریک ہوئے۔ پشاور میں ریلوے ملازمین نے احتجاج کیا اور تمام اسلامی ممالک پر فلسطین کے معاملے پر عملی اقدام اٹھانے کے لیے زور دیا۔ پشاور میں جی ٹی روڈپرقلعہ بالاحصارکے سامنے جے یوآئی نے اسرائیل مردہ باداحتجاج کیا۔ راولپنڈی لال حویلی میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی قیادت میں فلسطین ریلی نکالی گئی۔ جی سکس امام بارگاہ سے ڈی چوک تک فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ راولپنڈی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ن نے کمیٹی چوک میں ریلی نکالی، جس میں شرکت کے لئیے لیگی خواتین کی کثیر تعداد بھی گھروں سے باہر نکل آئی۔ مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے بازی اور شہدا فلسطین کے لئے دعاء مغفرت کی۔
