منی لانڈرنگ:شہباز شریف ، حمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد
ایف آئی اے نے شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا، ایف آئی اے نے چالان بینکنگ جرائم کورٹ میں جمع کرایا جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا۔
بینکنگ کورٹ میں جمع کرایا گیا ایف آئی اے کا چالان 7 والیمز پر مشتمل ہے، جس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی گئی ہے، یہ گواہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف عدالت میں گواہی دینگے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف فیملی کے بے نامی اداروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا، سلمان شہباز سمیت تین ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔
وکیل ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ سے کہا تھا کہ ہم چالان متعلقہ عدالت کے سامنے پیش کرینگے ، ہمارا اعتراض ہے کہ بیکنگ جرائم کورٹ کے پاس اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رانا شمیم کا اصل بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ کو موصول
بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ریمارکس دیئے کہ درخواستیں یہاں چل رہی ہیں آپ کیسے کسی اور کیس میں چالان جمع کرا سکتے ہیں، آپ عدالت کو گمراہ نہ کریں،
بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا چالان جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
