موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی منظور

مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) نے جمعے کے روز موبائل ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ پالیسی منظور کرلی۔
ای ڈی بی کے انتظامی بورڈ کے اجلاس میں منظور کی گئی پالیسی کو وزارت صنعت و پیداوار میں جمع کرادیا گیا۔ ای ڈی بی کا کہنا تھا کہ پالیسی کو اسٹیک ہولڈرز سے وسیع البنیاد مشاورت کے بعد منظور کیا گیا جس سے مقامی سرمایہ کاری اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان موبائل فون کےلیے دنیا کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں سالانہ 3 کروڑ 40 لاکھ موبائل فونز فروخت ہوتے ہیں۔
مقامی سطح پر موبائل کی مینوفیکچرنگ سے ملک میں تقریباً 2 لاکھ روزگار پیدا ہوں گے اور ملک عالمی سطح پر سپلائی چین کا حصہ بن سکے گا۔
ملازمین کی لاگت کے فوائد اور مانگ میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پالیسی سے ملک میں بڑی صنعتیں لگنے میں مدد ملے گی جو برآمدی سرپلس پیدا کرنے کی صلاحیت رکھیں گی جس سے عالمی مارکیٹوں میں ‘میڈ ان پاکستان’ کا برانڈ بھی فروغ پائے گا۔
اجلاس کی صدارت ای ڈی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر الماس حیدر نے کی جس میں برقی گاڑی کی پالیسی کے ڈرافٹ پر بھی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں پیش کیا گیا کہ ایک جامع پالیسی فریم ورک کی یقین دہانی کرائی جائے جو نہ صرف برقی گاڑیوں بلکہ اس شعبے سے منسلک دیگر نئی آنے والی ٹیکنالوجیز کو بھی دیکھے۔
