مریم کی درخواست قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی ایون فیلڈ ریفرنس اپیلوں پر روزانہ سماعت اور ریفرنس میں دستاویزات اور سزا ختم کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی تھی جس کا تحریری حکم نامہ آج جاری کیا گیا۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ معطل کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔

رجسٹرار کے مطابق مریم نواز نے اپنی درخواست میں وہی درخواست کی ہے جو انہوں نے اپنی سزا کے خلاف اپنی ابتدائی اپیل میں کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ‘مریم نواز صرف عدالت کی اجازت کے ساتھ اپیل میں تازہ بنیادیں اختیار کر سکتی ہیں’۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اس کے علاوہ احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے لندن میں قائم ایون پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

Back to top button