نئی ویکسین سے اسکن کینسر کے خاتمے کا انکشاف

دو امریکی دوا ساز کمپنیوں ’موڈرینا اور مرک انشورنس‘ کی جانب سے تیار کردہ نئی مشترکہ ویکسین کے تجربے کے دوران متعدد افراد میں اسکن کینسر کے خاتمے کا انکشاف ہوا ہے۔
دونوں کمپنیز نے اسکن کینسر سے متعلق الگ الگ ویکسینز پہلےہی تیار کر رکھی تھیں، جنہیں سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر ایک ویکسین بنا کر مریضوں پر اس کی آزمائش کی۔
موڈرینا کمپنی نے پہلے سے ہی اسکن کینسر سمیت دیگر کینسر کے مرض کو ختم کرنے کے لیے مدد فراہم کرنے والی ویکسین ’ایم آر این اے 4157‘ (mRNA-4157) بنائی تھی جو کہ انسانی مدافعتی نظام میں شامل ’ٹی سیلز‘ نامی خلیات کو مضبوط بناکر کینسر سے متاثر سیلز کو نشانہ بنانے کے اہل بناتی ہے۔
اسی طرح ’مرک انشورنس‘ نے بھی ’ کیٹرڈا’ (Keytruda) نامی ویکسین بھی تیار کر رکھی ہے جو کہ انسانی مدافعتی نظام میں اینٹی باڈیز یعنی سفید خون کے ایسے طاقتور اجزا بناتی ہے جو کہ ٹی سیلز کو کینسر کے سیلز پر حملہ کرنے سے روکنے والے سیلز کو بلاک کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ بعد ازاں دونوں کمپنیز نے دونوں مختلف ویکسینز کو ملاکر مشترکہ ویکسین بناکر اس کی آزمائش شروع کی۔
