نئےامریکی سفیر سے ملاقات میں اسلامو فوبیا کی مذمت

وزیراعظم شہبازشریف نے پاک،امریکا تعلقات کی75ویں سالگرہ بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئےاس امید کا اظہار کیا کہ نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں وقف کریں گے۔
وزیر اعظم نے نئے امریکی سفر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی،ملاقات میں شہبازشریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا اور باہمی احترام، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر اس تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔
انہوں نے پاک، امریکا تجارت وسرمایہ کاری فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور دے کر کہا کہ پاک،امریکا بزنس کانفرنس کا رواں سال انعقاد ضروری ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، صحت اور صحت کے شعبوں میں ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا پاکستان کی اقتصادی اور آبادی کے لحاظ سے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی بڑی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے امریکی ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر پر روشنی ڈالتے ہوئے بی جے پی کے دو عہدیداروں کی طرف سے توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کی جس سے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
وزیراعظم شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکا تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے امریکا کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ افغانستان سے انخلاء کی سہولت کے لیے پاکستان کی فوری اور موثر مدد پر شکریہ ادا کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم نے چین کے صدر شی چن پنگ ،حکومت اور عوام کو ہانگ کانگ کی چین کو واپسی کے 25سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ وہ ہانگ کانگ کی چین کو واپسی کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ ‘‘ایک ملک دو نظام’’ پر کامیاب عمل درآمد کی بہترین مثال ہے۔
