نذیر چوہان نے شہزاد اکبر کے پائوں پکڑ کر معافی مانگ لی

پی ٹی آئی رہنما نذیر چوہان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر پر الزامات عائد کیے تھے جس پر انہوں نے بعد میں مافی مانگ لی تھی۔ شہزاد اکبر نے اپنی جماعت پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کو معاف کر دیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے اس سلسلے میں اسٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کیا۔
بیان حلفی میں شہزاد اکبر نے کہا کہ مجھے نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، نذیر چوہان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی۔ نذیر چوہان نے بے بنیاد الزامات پر معذرت بھی کر لی ہے۔ اسی حوالے سے اب بتایا گیا ہے کہ نذیر چوہان نے گورنر ہاؤس میں شہزاد اکبر کے پاؤں پکڑ کر معافی مانگی۔جہانگیر ترین گروپ کے مزید 13 ارکان وزیراعظم سے معافی کی کوششیں کر رہے ہیں۔
ارکان وزیراعظم عمران خان کے قریبی پارٹی رہنماؤں کے ذریعے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان میں سے 9 کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ترین گروپ کے رہنماؤں کے لیے معافی مشکل لگ رہی ہے۔ان ارکان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی کا ٹکٹ نہیں ملے گا۔۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
شہزاد اکبرکی جانب سے 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگو کا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔
تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی ، طبیعت ناساز ہونے کے باعث نذیر چوہان کو پی آئی سی منتقل کیا گیا۔پولیس انتظامیہ نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال منتقل ہونے کے بعد نذیر چوہان نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا- اس پیغام میں انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہزاد اکبر پر لگائے گئے الزامات پر معافی مانگی- انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہزاد اکبر صاحب نے کہا ہے کہ میں ختم نبوت پر یقین رکھتا ہوں، انہوں نے اپنا عقیدہ کلیئر کر دیا، میں کسی شخص کو کافر کہتا ہوں، نہ مجھے اس کا حق ہے- انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں-
