نوازشریف، آصف زرداری اورگیلانی کیخلاف نیب ریفرنسزکی منظوری

چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دو سابق وزرائے اعظم اورایک سابق صدر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
چیئرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں اہم کیس کی منظوری ہوئی جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت سابق وزیراعظم نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ان تینوں پرالزا م ہے کہ انہوں نے سرکاری توشہ خانہ سے قوائد و ضوابط کے خلاف گاڑیاں اور تحائف لیے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کی گاڑیوں کے بارے میں نیب کی جانب سے نوازشریف اوریوسف رضا گیلانی سے پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے۔
واضح رہے کے اس کیس کے دیگر ملزمان میں خواجہ انورمجید اورخواجہ عبدالغنی مجید بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف تیسرا ریفرنس دائر کردیا ہے. نیب نے جعلی اکاؤنٹس معاملے کے ہریش اینڈ کمپنی کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا۔ جس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 15 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ جعلی اکاؤنٹس معاملے میں آصف زرداری کے خلاف یہ تیسرا ریفرنس ہے۔
ریفرنس میں نیب کا موقف ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی آصف زرداری کی کمپنی پارک لین اسٹیٹ کی فرنٹ کمپنی ہے، ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ حکومت سے غیرقانونی ٹھیکہ لیا، کاغذات میں منصوبہ مکمل کیا گیا جب کہ موقع پر کوئی کام ہی نہیں ہوا، ہریش اینڈ کمپنی کے ٹھیکے کی رقم نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات پر خرچ ہوئی۔
