نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ، بڑا فیصلہ کرلیا

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ہفتے میں دورہ پاکستان ری شیڈول کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔ اس حوالے سے کیوی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ سے رابطہ کیا ہے اور دورہ پاکستان ری شیڈول کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
میڈیا اطلاعات کے بعد فیوچر ٹور پروگرام 2023 سے پہلے ہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ری شیڈول ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 ستمبر کو شیڈول تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔
