ایران امریکہ مذاکرات: ٹرمپ کا فیلڈ مارشل سے ٹیلیفونک رابطہ

واشنگٹن میں ایران کی صورتحال پر وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے فون پر گفتگو بھی کی۔

اجلاس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز شریک ہوئیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین بھی اجلاس میں موجود تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ نے کم از کم ایک بار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے رابطہ کیا، جس میں موجودہ صورتحال اور ممکنہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں آبنائے ہرمز کی تازہ صورتحال اور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے مستقبل پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس، جنہوں نے حالیہ اسلام آباد مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کی تھی، آئندہ مذاکرات میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی 15 روزہ مدت ختم ہونے میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ اس سے قبل اس ہفتے کسی ممکنہ معاہدے کی امید ظاہر کر چکے ہیں، تاہم تاحال مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو آئندہ چند روز میں کشیدگی دوبارہ بڑھ سکتی ہے اور ممکنہ طور پر تصادم کا خطرہ بھی موجود ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس اہم اجلاس کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

Back to top button