ن لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ بھی کرونا وائرس کا شکار

مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عطاللہ تارڑ نے کہا کہ ‘میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لہٰذا میں ان تمام لوگوں سے بھی ٹیسٹ کرانے اور احتیاط کی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چند روز میں مجھ سے ملاقات کی تھی۔’ ن لیگی رہنما نے پارٹی کارکنان سے دعا کرنے کی بھی اپیل کی۔
I have been tested positive for COVID-19
Would like to request all those people who have interacted with me in the past few days to get their tests done and take precautions accordingly. Request for prayers— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) May 21, 2020
یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی کورونا وائرس کا شکار ہو کر قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔
بلوچستان کے وزیر خزانہ میں وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔
اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔اس کے علاوہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔
تین ہفتے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
