ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے پارٹی سے استعفی دے دیا

مسلم لیگ (ن) کے سندھ میں جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی سے استعفی دے دیا اور سیاست سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انہوں ںے اپنا استعفی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو بھیج دیا۔ مفتاح اسماعیل نے اپنے استعفی میں لکھا ہے کہ میں پارٹی قیادت کا مشکور ہیں جنہوں نے نہ صرف جماعت میں بلکہ حکومتی عہدہ بھی دیا، پارٹی قائد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے مجھ پر گزشتہ برسوں کے دوران اعتماد کا اظہار کیا ان کے اس اعتماد اور بھروسے کے لیے ہمیشہ مشکور رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف، ایاز صادق، پرویز رشید، شاہد خاقان عباسی اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈرز مجھ پر اعتماد کرتے رہے، میں انتخابی سیاست میں متحرک نہیں رہوں گا مگر میں معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا خواہاں رہوں گا۔
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل پارٹی پالیسی پر مسلسل تنقید کر رہے تھے، مفتاح اسماعیل مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری تھے، اب مفتاح اسماعیل پارٹی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
