ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنالیں گے : بلاول بھٹو

 

 

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ ن لیگ کو غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں،اصل میں ان کی اسلام آباد والی حکومت بھی خطرے میں ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے،یہ گنتی پیپلزپارٹی نے شروع نہیں کی،ان کے اپنے لوگوں نے شروع کروائی ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی لڑائی تو ہوتی رہتی ہے،اصل لڑائی کچھ اور ہے،ن لیگ کا ایک خاص حصہ وزیر اعظم کو اتحادیوں سے لڑوانا چاہتا ہے،اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہو رہی ہے یہ ان کےخاندان کا اپنا مسئلہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ نظام ناکام نہیں ناکام کروایا گیا ہے،جب تک عوام کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے تب تک سسٹم نہیں چل پائے گا،جب تک مانیں گے نہیں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے یہ نظام ایسے ہی چلتا رہےگا۔

انہوں نے کہاکہ نئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہےتو پیپلز پارٹی ساتھ دےگی، نئے صوبے بنانا عوام کا فیصلہ نہیں تو پیپلزپارٹی ساتھ نہیں دےگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں اتنا مشکل وقت نہیں آیا جتنا آج ہے،کبھی نہیں دیکھاکہ پچاس،پچاس دن انٹرنیٹ اور سڑکیں بند ہوں،مشکل وقت ان کےلیے ہے جو کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور معمولات زندگی کی بحالی چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے، آزاد کشمیر اسمبلی نے بھی سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کی، کمیشن کے قیام تک احتجاج کرنےوالے احتجاج اور کارروائی کرنےوالے کارروائیاں بند کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تاریخ میں کبھی کشمیر میں چھ مرحلوں میں الیکشن نہیں ہوا،کشمیر ایک ہےتو ایک ہی روز میں الیکشن کروایا جانا چاہیے تھا،مرحلوں میں الیکشن کروانے کا مقصد دھاندلی کرنا تھا۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی : رانا ثنا اللہ

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں امن قائم کیاجائے،یہ نہ سچ کمیشن بنانے کو تیار ہیں نہ شفاف الیکشن کروانے کو تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ مجھے تو اپوزیشن کرنے کا شوق ہے،اگر میں اپوزیشن میں ہوتا تو انھیں لگ پتا جاتا،دھاندلی زدہ اور خونی الیکشن ہمیں قبول نہیں۔

 

Back to top button