نواز شریف نائیجریا امپورٹ ہو سکتے ہیں

برطانوی محکمہ داخلہ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے اور اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واؤڈا کہتے ہیں کہ شاید سابق وزیراعظم اب کسی چھوٹے موٹے نائجیریا ٹائپ‘ ملک چلے جائیں۔
فیصل واؤڈا جو کہ اپنے مخصوص انداز کی وجہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنے رہتے ہیں نے کہا کہ نواز شریف کا ابھی کچھ پتہ نہیں شاید نائیجریا وائجیریا امپورٹ ہو جائے ۔ پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ٹریول پرمٹ بن جاتا ہے سر ، چھوٹے چھوٹے ملکوں میں ، نائیجریا ٹائپ ملکوں کے اندر ، میں مثال دے رہا ہوں ۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نومبر 2019 میں ایک پاکستانی عدالت نے علاج کی خاطر چار ہفتوں کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی لیکن اب تک ان کی واپسی ممکن نہیں ہوسکی ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی ایکسپائر ہو چکا ہے۔
فیصل واؤڈا کے بیان پر سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر بھی لوگ اپنے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں۔بوفے خور نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’فیصل واڈا نے ٹی وی پر نائجیریا کو چھوٹا غریب سا ملک کہہ کر پکارا۔ ذرا سوچیں کہ دفتر خارجہ کو کتنی شرمندگی اٹھانی پڑے گی اگر کل نائجیریا کے سفیر اس بیان پر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔
افشاں معصب نامی ٹوئٹر صارف نے فیصل واؤڈا کے بیان کو بنیاد بناتے ہوئے لوگوں کو یہ یاد دلانا ضروری سمجھا کہ ان کے لیڈر وزیراعظم عمران خان نے بھی پاکستان سپرلیگ کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ’ریلو کٹے‘ کہہ کر شہرت کمائی تھی۔
امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ نائجیریا کی معیشت پاکستان کے مقابلے میں آگے ہے۔انہوں نے لکھا کہ خیال رہے کہ پاکستان کی قومی پیداوار 278 ارب ڈالر اور نائجیریا کی قومی پیداوار (جی ڈی پی) 448 ارب ڈالر ہے۔ نائجیریا کی فی کس آمدنی 2229 اور پاکستان کی فی کس آمدنی 1284 ہے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ فیصل واؤڈا سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنے ہوں۔ اس سے قبل وہ ایک ٹی وی پروگرام میں فوجی جوتا لے آئے تھے اور2018 میں کراچی میں چائنیز قونصلیٹ پر حملے کے دوران پستول لے کر وہ مسلح افراد کا مقابلہ کرنے پہنچ گئے تھے۔
