وزارت خزانہ نے رواں مالی سال اپریل کی معاشی رپورٹ جاری کر دی

وزارت خزانہ نے رواں مالی سال اپریل کی معاشی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق اخراجات، مالیاتی خسارہ میں اضافہ، ترسیلات زر، برآمدات، سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں رواں مالی سال جولائی تا مارچ معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ ترسیلات زر میں 10.8 فیصد کم ہوکر 20.5 ارب ڈالر رہیں جبکہ اسی عرصے کے دوران برآمدات 11 فیصد کم ہو کر 21.1 ارب ڈالر رہی اور مالیاتی خسارہ گزشتہ سال کی نسبت بڑھ کر 2392 ارب روپے ہو گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد رہی اور رواں مالی سال ابھی تک درآمدات کا حجم 21 فیصد کمی کے ساتھ 41.5 ارب ڈالر رہا۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال جولائی مارچ مہنگائی قابو سے باہر رہی، اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 21 فیصد کرنے کا فائدہ نہ مل سکا جبکہ افراط زر کی شرح 35.4 فیصد تک جا پہنچی اور گزشتہ سال اپریل کے آخر تک یہ شرح 31.5 پر تھی، اشیائے ضروریہ کی قیمتٰ گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد بڑھ گئیں۔
