وفاق کا امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں رینجرزتعیناتی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے پنجاب کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کیلئے ڈی جی رینجرز کو مراسلہ لکھ دیا،وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے پنجاب میں امن و امان اور صوبے میں آئین و قانون کی عمل داری سے متعلق امور سرانجام دیں گے،امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ پنجاب رینجرز اور ایف سی کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کوامن وامان قائم رکھنے،عوام کے جان ومال کی حفاظت اور اپنے فرائض آئین اور قانون کے مطابق ادا کرنے کی ہدایت کی ہے، رانا ثنا اللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی بھی سرکاری آفیسر یا اہلکارآئین کے برعکس کسی بھی عمل کا حصہ نہ بنے، بصورت دیگر اُس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے ڈی جی رینجرزپنجاب کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کو گورنر ہاؤس کی حفاظت کیلئے مامور کیا جائے،وزارت داخلہ نے حکم دیا کہ رینجرز کو گورنرہاؤس کی سکیورٹی کیلئے فوری طور پر تا حکم ثانی تعینات کیا جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے کل گورنر ہائوس لاہور کے باہر احتجاج کا اعلا کر رکھا ہے۔

Back to top button