ویرات کوہلی نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیوں کیا؟

بھارت کے اسٹار بیٹسمین اور سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔انہوں نے یہ اعلان بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں بھارت کے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائل جیتنے کے فوراً بعد کیا۔

 

جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کا حقدار قرار دیا گیا۔جنوبی افریقا کے خلاف بھارت کی ابتدائی تین وکٹیں 34 رنز پر گرگئی تھیں جس کے بعد ویرات کوہلی نے اکسر پٹیل کیساتھ ملکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

میچ کے بعد اختتامی تقریب میں 35 سالہ ویرات کوہلی نے اعلان کیا کہ یہ ان کا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ اور مختصر فارمیٹ کا آخری میچ تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ اب اگلی نسل کے سنبھالنے کا وقت ہے، اب نئے کھلاڑی ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے اور بھارتی پرچم لہراتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 48.69 کی اوسط اور 137.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 ہزار 188 رنز بنائے۔

 

Back to top button