پاکستان تہران کیخلاف یکطرفہ پابندیوں پرعمل کرنے کاپابند نہیں،دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک ایران تجارت جاری ہے۔ پاکستان تہران کیخلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کرنے کا پابند نہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔ 31 اگست کو بشکیک میں ایس سی او سربراہ اجلاس ہو رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مغربی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ایرانی قیادت نے کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ دفتر خارجہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر ٹرمپ کے ایلچی کے طور پر دورہ تہران کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ کشیدگی میں کمی کی پاکستانی کی کوشش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قیام امن کی بات چیت کی بحالی کے لیے پرخلوص کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم کی ترک وزیر خارجہ سے 3 بار ٹیلیفونک بات ہوئی۔
نائب وزیراعظم کی لندن میں آئی ایم او کے سربراہ سے صومالیہ میں پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات ہوئی۔ لندن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 19 اگست کو نائب وزیراعظم کی موریطانیہ کے وزیر خارجہ سے اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم اور یو این سیکریٹری جنرل کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے کردار کے حوالے سے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم کی برازیل اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شام کے وزیر خارجہ نے 19 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان شام کی آزادی، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ 22 اگست کو 11 مسلم ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔ فضائی اڈے پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ مسلم ممالک نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کے حوالے سے مشترکہ مذمتی بیان جاری کیا۔
