سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم

پمزواقعہ کے بعدپنجاب کے تمام بڑے سرکاری سپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم دے دیا گیا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق صوبے بھر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم دیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ واسا کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
مراسلے میں سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی قوانین، قواعد و ضوابط، معیار پر مکمل عمل کیا جائے، تمام ہسپتال فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے کے مطابق فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی راستوں و نقشوں اور عمارت کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے مکمل کرے اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کی تفصیلات پی ایچ سی کو فراہم کی جائیں۔
