انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصرکومعاف نہیں کیاجائےگا،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی اور پوری چین کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔

محسن نقوی نےایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کرکے اپ گریڈیشن منصوبے اور ادارے کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔

لاہور میں ایف آئی اے زونل آفس کے دورے کے دوران محسن نقوی نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور زونل آفس کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولتیں اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید بھی فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

انہوں نے ایف آئی اے حکام سے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن ان کی ذمہ داری ہے اور اس کے نتائج واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔

اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو تبدیل کرکے جدید ٹیکنالوجی کے حامل کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔

ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے ڈائریکٹر نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن منصوبے اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار نمٹائی گئیں جبکہ 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔

Back to top button