ٹڈی دل پر اسپرے کے دوران چھوٹا طیارہ گر کر تباہ

رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے قریب فصلوں پر اسپرے کے دوران چھوٹا جہاز گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ فنی خرابی کے سبب پیش آیا جس میں طیارے کے دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔
صادق آباد کے نواح میں افسوسناک حادثہ، ٹڈی دل کی انسدادی سرگرمیوں میں شریک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ فیڈرل ڈپارٹمنٹ پلانٹ پروٹیکشن کا طیارہ معمول کے مطابق ٹلو بنگلہ کے چولستانی علاقے باندھی میں فضائی اسپرے کر رہا تھا کہ فنی خرابی کے سبب اچانک زمین پر آ گرا، طیارے میں سوار پائلٹ شعیب ملک اور انجنیئر فواد بٹ دونوں جاں بحق ہوگئے۔
امدادی ٹیموں اور سکیورٹی اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو تباہ شدہ جہاز سے نکالا جب کہ پولیس نے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیئے۔ جب کہ دونوں افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ صادق آباد انتظامیہ کی جانب سے ٹڈی دل کے حملے سے بچاؤ کیلئے طیارے کو علاقے میں اسپرے کرنے کیلئے طلب کیا گیا تھا۔
