ٹیکس اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس قائم

وفاقی حکومت نے ٹیکس وصولیوں کے نظام میں خامیوں کی نشاندہی ،تجاویز کیلئے ماہرین معیشت پر مشتمل 9رکنی ٹاسک فورس قائم کردی ۔نگران وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کی گئی ٹاسک فورس اسمگلنگ اور بدعنوانی سے معیشت کو ہونے والے نقصان کی روک تھام کی سفارشات مرتب کرےگی اور ایسے شعبوں کی نشاندہی بھی کرے گی جن سے زیادہ ٹیکس جمع کیا جا سکتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس میں ڈاکٹر منظور احمد، ڈاکٹر مشرف آر سیان، امان اللہ عامر، اعجاز خان، خالد محمود اور محمود خلیل سمیت چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو شامل کیا گیا ہے جبکہ میمبر ایف بی آر ارد شیر سلیم طارق کو ٹاسک فورس کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ٹاسک فورس ٹیکس وصولیوں اورپالیسی کو الگ کرنے کی سفارشات مرتب کرنے کے علاوہ گزشتہ سال ایف بی آر کی جانب سے 7200 ارب روپے کے علاوہ مزید 1280 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے کی گنجائش سے متعلق دعویٰ پر مبنی رپورٹ کا بھی جائزہ لے گی۔
