دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئےوسائل درکارہیں،شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وسائل درکار ہیں۔ زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا اور دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
قومی اقتصادی کونسل سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے، صوبوں کے ساتھ مزید وسائل پیدا کرنےکے حوالے سے مشاورت ہوئی، جی ڈی پی میں تیزی کیلئےایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے ایکسپورٹ بڑھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معیشت میں میکرو لیول پر بہتری آئی ہے لیکن ابھی مزید محنت کرنےکی ضرورت ہے، ٹیم ورک کےطور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے، ملکی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود کوشش کی کہ آئی ایم ایف پروگرام پرعمل پیرا رہیں، کل رات ایم ڈی آئی ایم ایف سے بات کی، انہوں نے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطےکی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، صوبوں نے اس حوالے سے بھرپور تعاون کیا، روزگارکے مواقع، برآمدات، معاشی بہتری اور پیداواری صلاحیت بڑھانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہبازشریف کاکہنا تھاکہ تیل کی قیمتوں کی مد میں عوام کو 128 ارب روپےکا ریلیف فراہم کیا، دنیا کے کئی ممالک میں پیٹرول پمپوں پر لائنیں دیکھنے میں آئیں، بروقت اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں عوام کوپیٹرول دستیاب رہا۔

Back to top button