اسرائیلی غنڈہ گردی نہ رکی تونتائج دنیا بھگتےگی،ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکی ہے، شام اور لبنان پر اسرائیلی حملے ترکیے کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترک پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی غنڈہ گردی نہ روکی گئی تو نتائج پورے خطے اور تمام انسانیت کو بھگتنا پڑیں گے، اسرائیلی جارحیت روکنی چاہیے، یہ ذمہ داری انسانیت اور انسانی ہمدردی کے محاذ کی ہے۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ تاریخ دوبارہ دُہرانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی آرمی چیف نے ایران پر دوبارہ حملے کے لیے آمادگی ظاہر کر دی۔
اسرائیلی فوج کی ویب سائٹ کے مطابق چیف آف سٹاف ایال زمیر نے کہا ہے کہ اگر حکم دیا گیا تو اسرائیل ایران پر ایک اور “گہرا حملہ” کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر حالیہ حملہ اس سے کہیں زیادہ بڑے اور سخت وار کی تیاری کے طور پر کیا گیا تھا۔
