پاکستان اور ترکی صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ بنائینگے

پاکستان اور ترکی  مل کر صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ بنائیں گے ، پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے بھی پاکستانی اور ترک پروڈکشنز کے درمیان معاہدہ طے پانے سے آگاہ کیا۔دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا اور اس وقت عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ ‘ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم نے اس دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے ہمیں امید ہے کہ یہ شاندار خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ یہ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے ناظرین کے لیے کامیابی ہے جنہیں مستقبل میں اچھے مواد کا منتظر ہونا چاہیے۔عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ ‘ہم نے ایک عظیم جنگجو بادشاہ، صلاح الدین ایوبی پر ایک شاندار سیریز بنانے کے اشتراک قائم کیا ہے، برائے مہربانی ہماری خوشی میں شریک ہوں’۔دوسری جانب پروڈیوسر کاشف انصاری کی جانب سے بھی ایک پوسٹ کے ذریعے مذکورہ خبر معاہدے کے وقت لی گئی تصاویر کے ساتھ شیئر کی گی۔کاشف انصاری کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں معاہدہ طے پانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔

انہوں نے معاہدے کے لیے ترکی میں موجود نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ترکی جانے کے لیے 14 روز کا قرنطینہ کرنا پڑتا تھا جبکہ ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ جاسکتے تھے میرا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے سربیا آنا پڑا۔عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ ‘ہمایوں سعید کچھ مصروفیات کی بنا پر میرے ساتھ نہیں آسکے ورنہ وہ بھی یہاں موجود ہوتے۔ویڈیو میں انہوں نے ایکلی فلمز کے چیف ایگزیکٹو افسر(سی ای او) اور پروڈیوسر ایمرے کونوک اور ترک اسکرپٹ رائٹر و ڈائریکٹر اہمت فاروق بیگ کا تعارف پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ہم یہاں ایک سیریز کے حوالے سے معاہدے کے لیے موجود ہیں جس سے متعلق کاشف انصاری اور ایمرے کونوک بتائیں گے’۔پروڈیوسر کاشف انصاری نے کہا کہ ‘یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کےسیاسی منظر نامے میں پچھلے 6 سے 8 ماہ میں جو تبدیلیاں آئی ہیں ان تبدیلیوں کے بنیاد پر لکھنے والے اور سمجھنے والے پاکستان اور ترکی کے جو اسکالرز، تھنک ٹینکز اور سیاستدان ہیں، ہم نے مل بیٹھ کر کچھ چیزیں سوچی ہیں کہ اس پورے منظر نامے اور آنے والی صدیوں میں مسلمانوں کا کیا کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں طے ہوا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی جو کسی تعارف کے محتاج نہیں ان کی زندگی پر ایک ڈراما سیریز بنائی جائے گی جو پاکستان اور ترکی کی مشترکہ ڈراما سیریز ہوگی۔پروڈیوسر کاشف انصاری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے اداکار اور اسکرپٹ رائٹرز اس ڈراما سیریز کا حصہ ہوں گے۔علاوہ ازیں انادولو ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز کی جانب سے پروجیکٹ کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترکی کی اکلی فلمز کے مالک و پروڈیوسر ایمرے کونوک نے مشترکہ طور پر ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا۔

ایمرے کونوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ترک، انگریزی اور اردو زبان میں کی گئی ٹوئٹس کے ذریعے مذکورہ اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ جمعے کی مبارک رات کی یہ خوشخبری دینا چاپتا ہوں کہ ‘سلطان صلاح الدین ایوبی’ کی زندگی سے متعلق ڈرامے کے لیے ترکی اے کے ایل آئی فلمز اور پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز کے درمیان معاہدہ طے پایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اس بین الاقوامی منصوبے کو دنیا بھر کے لیے امن ، محبت بقائے باہمی کی امید بنائے۔ایمرے کونوک نے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کے حوالے سے بہت خوش ہیں ، اگرچہ وہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی عظیم شخصیت کی تصویر کشی میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ ہیں جنہوں نے تاریخ اور پوری دنیا پر اپنے نشان چھوڑے۔

ترکی اور پاکستان کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی اور اس ڈرامے کے 3 سیزن بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔سلطان صلاح الدین ایوبی، ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور انہوں نے صلیبیوں کو شکست دے کر 1187 میں 9 دہائیوں بعدبیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔ان کی ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار باکر پر حکومت کی وہ اپنی بہادری، فیاضی، حسن اخلاق، سخاوت اور بردباری کے باعث جانے جاتے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترک پروڈکشن ہاؤس ’تکدن فلمز‘ اور پاکستانی فلم ہاؤس ’انصاری فلمز‘ نے نومبر 2020 میں مشترکہ پروڈکشن کے تحت ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ کیا تھا۔بعد ازاں ’تکدن فلمز‘ کے سربراہ کمال تکدن جنوری 2021 میں وفد کے ہمراہ اسی سلسلے میں پاکستان بھی آئے تھے اور انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور صدر پاکستان سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔علاوہ ازیں اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے تصدیق کی تھی کہ ’تکدن فلمز‘ اور ’انصاری فلمز‘ کے درمیان مشترکہ طور پر ’ترک لالا‘ نامی ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ ہوا ہے، جس کا پہلا سیزن 2023 تک ریلیز کیا جائے گا۔

Back to top button