عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو آخری مہلت کیسے ملی؟

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل مکمل کرنے کے لیے 20 مئی تک آخری مہلت دے دی ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وکیل سلمان صفدر نے مؤکلین سے ہدایات لینے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی، تاہم نیب کی جانب سے اس درخواست کی مخالفت کی گئی۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ امید ہے فریقین جان بوجھ کر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور نہ ہی غیر ضروری التوا کی درخواستیں دائر کریں گے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ آج کی سماعت میں دلائل دینے کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التوا مانگا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ چونکہ مرکزی اپیلیں سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی گئی تھیں، اس لیے کیس کی حساسیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ سلمان صفدر آئندہ سماعت سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کریں اور 20 مئی کو اپیلوں پر باقاعدہ دلائل پیش کریں۔

حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت میں بھی فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

Back to top button