بلاول بھٹو نے نکیال میں کارکن کی ہلاکت کاالزام ن لیگ پرعائدکردیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران نکیال میں ن لیگ اور پی پی کے تصادم میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی ہلاکت کا الزام ن لیگ پر عائد کردیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس شہید ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز قبل سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مختار یونس، پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین اپنی ممکنہ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بھی نکیال میں پولنگ کے دوران مختار یونس کی شہادت اور دو کارکنوں کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جانب سے خوف و ہراس کی فضا قائم کی گئی اور گزشتہ کئی روز سے پیش آنے والے مبینہ پرتشدد واقعات کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی۔

شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے، قاتلوں کی گرفتاری، شفاف تحقیقات، سخت قانونی کارروائی اور انتخابی عمل کو ہر صورت پرامن، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو تشدد میں بدلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

 

Back to top button