پاکستان سفارتی تنہائی سے نکل آیا ہے ، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سفارتی تنہائی کا بیانیہ بے بنیاد قرار دے دیا،انہوں نےکہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کےلیے معاملات بہت بہتر ہورہے ہیں اور پاکستان سفارتی تنہائی سے نکل آیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی عرفان صدیقی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی بھی شریک ہوئے۔سیکرٹری خارجہ نےحکومت کی 100 دن کی کاکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غزہ کے معاملے پر ہم ہر بین الاقوامی فورم پر ایک ہی مؤقف اپنائے ہوئے ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے بتایاکہ ایران پرحملے کا ویسا ہی جواب دیا گیا تھا،پاکستان اور چین کےدرمیان اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور منعقد ہوا،وزیرِ اعظم نے جون میں چین کا دورہ بھی کیا، دورۂ چین میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی 23یادداشتیں دستخط کی گئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اگر ہم نے اس معاشی بحران سے باہر نکلنا ہےتو ہمیں معاشی سفارت کاری پر توجہ دینا ہوگی، پہلے دن سے پوری کوشش کی ہے کہ حکومت کی معاشی ٹیم کوپوری معاونت دوں، اگر ہماری حکومت چلتی رہتی تو 2017ء میں ہم 22 ویں معیشت بننے جارہے تھے، پھر ہماری حکومت ختم ہوئی تو اب ہم 42ویں معیشت بن چکے ہیں۔
