پاکستان میں درختوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکے گا

پاکستان میں پہلی مرتبہ درختوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا، سی ڈی اے نے بیرون ملک سے منگوائی گئی مشین کے ذریعے سڑکوں کی کشادگی کے دوران درختوں کو ضائع ہونے سے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جنگلات کے رقبے میں تیزی سے ہوتی کمی کے باعث اب پہلی مرتبہ درختوں کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔
اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں تعمیرات کے دوران بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اب تعمیرات کے دوران درختوں کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ادارے سی ڈی اے نے ایسی جدید مشین کا استعمال شروع کیا ہے جس کی مدد سے کسی بھی درخت کو ایک جگہ سے اکھاڑ کر کسی دوسری جگہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ تجربہ اسلام آباد کی ایک شاہراہ کی توسیع کے دوران کیا گیا ہے۔ اوپر دکھائی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشین کی مدد سے درخت کو ایک جگہ سے نکال کر دوسری جگہ لگا دیا گیا۔ ماہری ماحولیات نے ایسی ٹیکنالوجی کے استعمال کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کیا ہے کہ ایسی ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک میں جنگلات کے کم ہوتے رقبے کو روکا جا سکے گا۔
جبکہ اسلام آباد اور دیگر شہروں کے شہری بھی پاکستان میں پہلی مرتبہ ایسی جدید و منفرد ٹیکنالوجی کے استعمال پر خوش ہیں اور حکومتی ادارے کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کی خوب تعریف کر رہے ہیں ۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مملک میں شامل ہے۔ جہاں اس کی دیگر بہت سی وجوہات ہیں، وہیں اس کی سب سے بڑی وجہ جنگلات کی کمی بھی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button