پرنیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی منگنی کی دھوم

معروف بھارتی اداکارہ پرنیتی چوپڑا نے اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کر لیا ہے، اداکارہ نے سیاستدان راگھو چڈھا کے ساتھ منگنی کر لی ہے، جوکہ بھارت کی معروف عام آدمی پارٹی سے وابستہ ہیں۔

بھارتی شوبز انڈسٹری میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا کی منگنی اور شادی سے متعلق گزشتہ چند ماہ سے خبریں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہیں، تاہم دونوں نے ایسی خبروں کی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

دونوں سے متعلق پہلے ہی خبریں تھیں کہ دونوں جون 2023 سے قبل منگنی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، جس کے چند ماہ بعد سال کے اختتام تک دونوں رشتہ ازدواج سے منسلک ہو جائیں گے، اگرچہ دونوں نے کبھی ایک دوسرے سے تعلقات سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، تاہم متعدد بار دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جا چکا ہے۔

اداکارہ پرنیتی اور راگھو چڈھا سے متعلق خبریں ہیں کہ دونوں یونیورسٹی کلاس فیلوز تھے اور اسی دوران ہی دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے تھے، راگھو چڈھا دارالحکومت نئی دہلی کی حکمران سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے اہم ترین رہنما ہیں جب کہ پرینیتی چوپڑا کا شمار اے لسٹر اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

دونوں کی منگنی کے موقع پر بھارتی شوبز ویب سائٹس نے براہ راست بلاگ نشریات کا اہتمام کیا اور بتایا کہ ان کی منگنی کی تقریب 13 مئی کی سہ پہر کو ہی شروع ہوگئی تھی، ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق پرنیتی چوپڑا کی منگنی میں شرکت کے لیے ان کی کزن معروف بالی وڈ اور ہالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکا سے بھارت تشریف لائی تھیں۔

دونوں کی منگنی کی تقریب میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال سمیت معروف شوبز شخصیات اور کاروباری حضرات سمیت کئی سیاست دان بھی شریک ہوئے۔رپورٹس کے مطابق منگنی کے تقریب میں تقریبا 150 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا اور مہمانوں کو موبائل فونز ساتھ نہ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تقریب میں موبائل فونز کی انٹری کو اس لیے بند کیا گیا تھا تاکہ جوڑے اور اہم شخصیات کی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے غیرضروری تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پھیلانے سے روکا جا سکے۔

پرنیتی نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر منگنی کے بعد راگھو چڈھا کے ساتھ ایک رومانوی تصویر مداحوں کے لیے شیئر کی جس کو مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا اور پرنیتی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

Back to top button