پرویز الٰہی کی کامیابی پر نواز اور مریم صوبائی قیادت پر برہم

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ لینے میں کامیاب ہونے پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہم ہیں۔
باخبر پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے معاملے پر فوری رپورٹ طلب کر تے ہوئے استفسار کیا کہ پارٹی قیادت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے کم از کم 7 ناراض اراکین پی ڈی ایم سے رابطوں میں ہیں، ناراض اراکین کیسے ووٹنگ کے لئے پہنچ گئے، انہیں مینیج کیوں نہیں کیا جا سکا۔
ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کو معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئےمریم نواز کی فوری وطن واپسی کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز فوری وطن واپس نہیں آتیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے، انہوں نے نواز شریف کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔
مسلم لیگ ن کے قائدنواز شریف نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔ نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے،تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کروا لئے جائیں گے۔ وزیراعلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی اجازت ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی،نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کردی۔
