پشاور: بی آر ٹی بس میں آتشزدگی،بس خاکستر، انکوائری کمیٹی تشکیل

26 اگست کی رات پشاور بی آر ٹی کی بس کی چھت پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کا واقعہ حیات آباد اسٹیشن پر پیش آیا، آگ لگنے سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔تاہم ریسکیو 1122 نے آگ پر بروقت قابو پا لیا، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صوبائی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
بی آر ٹی پشاور اپنے افتتاح کے بعد سے مسلسل بد انتظامی کی زد میں ہے۔ پشاور بی آر ٹی کے افتتاح کے پہلے دن بس میں داخلے اور ایگزٹ سسٹم فیل ہوگیا تھا بعد ازاں دوسرے دن بس کے ایک حادثے میں تین مسافر زخمی ہو گئے۔ تاہم بدھ کی شب بی آر ٹی پشاور کے حیات آباد اسٹیشن پر اس وقت تشویش ناک صورتحال پیدا ہو گئی جب بی آر ٹی کے مرکزی روٹ پر واقع حیات آباد اسٹیشن پر کھڑی بس میں آگ بھڑک اٹھی۔بس کی چھت پر لگی آگ پر بروقت قابو پانے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات کامران بنگش کاکہنا ہے کہ اسٹیشن نمبر28 پر بی آرٹی بس میں اچانک آگ لگ گئی لیکن خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کامران بنگش کا مزید کہنا ہے کہ بس میں سوار تمام مسافروں کو بروقت فوری طور پہ اتار لیا گیا تھا۔ بروقت اقدامات کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔ بس میں آگ لگنے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے 13 اگست کو پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔منصوبہ ڈھائی سال کی مدت کے بعد مکمل ہوا تھا۔ افتتاح کے بعد سے منصوبے میں کئی خامیاں سامنے آ رہی ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
