پنجاب میں انتخابات ،الیکشن کمیشن نے فنڈز کی رپورٹ جمع کرادی

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا ہےکہ انتخابات کے لیے فنڈز نہیں مل سکے۔ الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں کہا ہےکہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے رقم منتقلی نہیں کی گئی۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے آج فنڈز کے حوالے سے رپورٹ جمع کروانےکا حکم دیا تھا۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز کا اجرا مسترد کردیا تھا۔
گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ نے 21 ارب روپے ایلوکیٹ کرنے کا حکم دیا ہے، ہم نے سپریم کورٹ کےحکم پر رقم مختص کی لیکن اجراکااختیار اسٹیٹ بینک کے پاس نہیں، فنڈزمختص کرنے سے پیسے اکاؤنٹ میں ہی موجود رہیں گے۔
