وزیراعلیٰ مریم نوازسےسپیکرملک احمد کی ملاقات،تحفظات دورکردیئے

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سپیکر صوبائی اسمبلی ملک احمد کی ملاقات ہوئی اور اس دوران تمام تحفظات دور کردیے گئے جبکہ کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 نظرثانی کے بعد دوبارہ پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نےسپیکر پنجاب اسمبلی کو ملاقات کیلئےفون کیا تھا اور آج ان کی دو گھنٹے سے زائد ملاقات رہی، ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے تمام تحفظات دور کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ڈی پی او قصور کے معاملے پر ملک محمد احمد خان کی منشا کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی اور وزیراعلیٰ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو پارلیمان کی تکریم کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے بتایا کہ عوامی نمائندے کے ساتھ کسی افسر کا غیرمناسب رویہ قابل برداشت نہیں۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کےلیے ہی اسمبلی میں آئے ہیں، پارلیمان کی حرمت میری اولین ترجیح ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، سپیکر پنجاب اسمبلی نے بل پر ارکان اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
